شملہ18؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍ آئی این ایس انڈیا)ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ ویربھدرسنگھ نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو 13نکاتی میمورنڈم سونپ کر دیگر چیزوں کے ساتھ جنگلات کے تحفظ کے لئے 1000کروڑ روپے کے خصوصی بجٹ کامطالبہ کیا۔وزیر اعظم مودی کے مختصر ہماچل پردیش دورہ کے دوران سونپے گئے میمورنڈم میں ویربھدرسنگھ نے تمام پن بجلی اور دیگر منصوبوں کیلئے تیزی سے ماحولیاتی منظوری دینے کامطالبہ کیا کیونکہ ریاست کا تقریباََ 66.5فیصد حصہ جنگل کے علاقے سے گھرا ہوا ہے۔انہوں نے ہماچل جیسی پہاڑی ریاستوں کو اور طاقت دینے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ ایسے ریاست جنگل کے علاقے کو پن بجلی منصوبوں،سڑکوں، پانی کی فراہمی اورآبپاشی کے پروگراموں کیلئے تبدیل کر سکیں۔میمورنڈم میں تجارتی پرواز دوبارہ شروع کرنے اور ہماچل پردیش کوبھاکھڑا بیاس انتظامی بورڈکاکل وقتی رکن بنانے کامطالبہ بھی شامل ہے۔